خونخوار شیرنی نے نومولود ہرن کے بچے کو گود لے لیا، تصاویر وائرل
نیویارک:(ملت آن لائن) امریکی فوٹو گرافر نے افریقی جنگل میں ایسی تصویر لی جسے محبتوں کا مظہر قرار دیا جارہا ہے، یہ محبت انسانوں کے درمیان نہیں بلکہ خونخوار جانور کی معصوم ہرن کے بچے کے ساتھ ہے۔ ویسے تو جنگل کا بادشاہ شیر ہرن دیکھ کر اسے لقمہ اجل بنا لیتا ہے تاہم بعض اوقات یہی جانور دوسرے سے اس قدر محبت کرتے نظر آتے ہیں کہ اُسے بیان کرنا آسان بات نہیں ہے۔ امریکی فوٹو گرافر دونوان افریقی جنگل میں سیر و تفریح کی غرض سے کیمرہ ہاتھ میں تھامے گھوم رہے تھے کہ اچانک اُن کی نظر شیرنی پر پڑی جو اپنے پیروں میں ننھے ہرن کے بچے کو حفاظتی تحویل میں لے کر بیٹھی تھی۔ فوٹو گرافر کا کہنا منظر دیکھنے کے بعد میں سمجھا کہ شاید شیرنی ننھے اور معصوم سے بچے کو اپنا شکار بنائے گی مگر حیرت اُس وقت ہوئی جب اس نے بچے کو ماں کی طرح پیار کرنا شروع کیا تاہم ساتھ میں وہی شکوک و شہبات دماغ میں چل رہے تھے۔ دونوان کا کہنا ہے کہ میں مسلسل منظر دیکھ کر افسوس کرتا رہا کہ یہ معصوم بچہ اب شیرنی کا نوالہ بن جائے گا مگر جوں جوں وقت گزرا ویسے ویسے آنکھوں کو یقین نہیں آیا، کیونکہ اب جو چیزیں سامنے آرہی تھیں اُس سے یہ بات سامنے آئی کہ گویا شیرنی نے ننھے بچے کو گود لے لیا۔ امریکی فوٹو گرافر نے کیمرہ ہاتھ میں تھاما اور منظر محفوظ کرنے کی تیاری کی، دیکھتے ہی دیکھتے شیرنی نے ہرن کے بچے کو ماں کی طرح پیار کرنا شروع کیا اور پھر اُس کو اپنی حفاظتی تحویل میں چلانے لگی۔ اُن کا کہنا ہے کہ میں یہ منظر دیکھ کر خود بھی حیران رہ گیا کیونکہ ہرن کا بچہ شیرنی کو اپنی ماں سمجھ رہا تھا اور وہ بالکل مطمئن تھا۔ شیرنی کی معصوم بچے کے ساتھ بے لاگ محبت دیکھ کر صارفین نے دونوان کو منظر محفوظ بنانے پر نہ صرف اُن کے فن کی تعریف کی بلکہ شکریہ بھی ادا کیا۔