خبرنامہ

داعش نے دمشق میں عدالت کی عمارت پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

دمشق (ملت آن لائن + آئی این پی) شدت پسند تنظیم داعش نے گزشتہ ماہ شام کے دارالحکومت دمشق کی ایک عدالت اور ایک ریستوران میں ہوئے خود کش حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ ماہ کے وسط میں شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک عدالت کی عمارت اور ایک ریستوران میں ہوئے خود کش حملوں کی ذمہ داری جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ ان حملوں میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔شام میں باغی گروپوں کی جانب سے ان حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔ اسلامک اسٹیٹ کا موقف پیش کرنے والے جریدے النبا کی تازہ ترین اشاعت میں ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پہلے خود کش حملہ آور نے شہر کی ایک عدالت میں داخل ہو کر خود کش دھماکے سے قبل فائرنگ کی تھی۔ اسلامک اسٹیٹ کے میگزین کے مطابق ایک دوسرے خود کش بمبار نے خود کو ایک ریستوران میں دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ مارچ سن 2011 سے شام میں جنگ شروع ہونے کے بعد حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 320،000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔