بغداد(ملت + آئی این پی)عراق کے شمالی شہر موصل میں شدت پسند تنظیم داعش نے بچوں اور نوجوان لڑکوں سمیت 280 سے زائد افراد کو قتل کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق داعش نے عراق افواج کے حملوں سے بچنے کے لئے ڈھال کے طور پر اغوا کئے گئے 284 بچوں اور نوجوان لڑکوں کو کر کے قتل کردیا۔ سی این این کے مطابق داعش نے ان افراد کی لاشوں کو اجتماعی قبروں میں دفنانے کے لئے موصل کے کالعدم ایگری کلچر کالج میں بلڈوزرز کا استعمال کیا تاہم سی این این نے ذرائع کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔قبل ازیں اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ داعش کی جانب سے موصل اور ارد گرد کے علاقوں سے 550 خاندانوں کو اپنے ساتھ لے جانا انتہائی تشویشناک ہے۔واضح رہے کہ عراقی اور کرد فورسز نے موصل سے داعش کا قبضہ چھڑانے کے لئے چند روز قبل آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد داعش انسانی جانوں کی آڑ میں تحفظ لینے کے لئے سومالیہ گاں سے 200 اور نجافیہ سے 350 خاندانوں کو زبردستی موصل لے آئے۔