خبرنامہ

داعش کو کچلنے کے لیے مزید تین ماہ درکار ہیں ، عراقی وزیر اعظم

بغداد: (ملت+اے پی پی) عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ موصل اور اس کے گرد و نواح سے جہادی تنظیم داعش کو پوری طرح ختم کرنے کے لیے مزید تین ماہ درکار ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس 17اکتوبر کو موصل کا قبضہ چھڑانے کی عسکری مہم کے آغاز پر العبادی نے کہا تھا کہ ملکی فوج 2016 کے اختتام تک موصل کو بازیاب کرا لے گی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران فوج کو جو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، وہ یقینی طور پر شاندار ہیں۔ اْدھر امریکی عسکری اتحاد کے جنگی طیاروں نے شہر کے دو حصوں کو جوڑنے والا دریائے دجلہ کا پل بھی تباہ کر دیا ہے تا کہ جہادیوں کی نقل و حرکت کو محدود کیا جا سکے۔