خبرنامہ

دبئی: سفر کے لیے مسافر ڈرون کا استعمال

دبئی میں اب جلد ہی لوگ مسافر بردار ڈرون کو پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر استعمال کرنے والے ہیں جس کی مدد سے وہ اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچیں گے- جی ہاں رواں سال جولائی میں دبئی میں چینی کمپنی کے تیار کردہ مسافر بردار ڈرون کی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے-


یہ دنیا کا پہلا مسافر بردار ڈرون ہوگا اور اس خودکار فضائی سروس کی مدد سے لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک پہنچایا جائے گا-

گزشتہ سال متعارف کروائے جانے والے ای ہینگ 184 نامی اس ڈرون یا کواڈ کاپٹر میں مسافر کو ٹچ اسکرین کی مدد سے اپنی مطلوبہ منزل کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہوگی جس کے بعد یہ خودکار ڈرون اڑ کر مسافر کو اس کی منزل تک پہنچا دے گا-

بجلی سے چلنے والے اس ڈرون کو اسمارٹ فون کی مدد سے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے- اس ڈرون کو دبئی انتظامیہ کی جانب سے مانیٹرنگ روم سے کنٹرول کیا جائے گا جبکہ یہ آدھے گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے-

اس ڈرون کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار کے حامل اس ڈرون کے ٹیک آف یا لینڈ کرنے کا انداز عام ہیلی کاپٹر کے مانند ہی ہے-

چینی کمپنی کے مطابق اس ڈرون کی مدد سے 10 میل تک کا سفر طے کیا جاسکتا ہے جبکہ اس ڈرون میں ایک وقت میں صرف ایک ہی مسافر سوار ہوسکتا ہے-