دبئی میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کا افتتاح
لاہور:(ملت آن لائن) دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے بعد دنیا کا بلند ترین لگژری ہوٹل بھی دبئی میں تعمیر کرلیا گیا ہے۔ یہ لگژی ہوٹل شیخ زید روڈ پر دبئی انٹرنیشنل فائنینشل سینٹر کی بلڈنگ کے قریب قائم کیا گیا ہے جس کا نام ’جیوورا‘ ہے۔ اس 75 منزلہ ہوٹل کی اونچائی 356 میٹر ہے جو 528 کمروں پر مشتمل ہے، جن میں 232 ڈیلکس کمرے اور 265 سنگل بیڈ رومز شامل ہیں۔ اس ہوٹل میں سوئمنگ پول، ہیلتھ کلب، اسنوکر کلب، جم اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جیوورا ہوٹل میں خاص طور پر 5 ریسٹورنٹس بھی بنائے گئے ہیں جہاں مقامی اور بین الاقوامی کھانے دستیاب ہیں۔ اس ہوٹل کا افتتاح گزشتہ روز کیا گیا جس کے بعد وہاں مقامی شہریوں سمیت سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد شروع ہوگئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کا بلند ترین لگژری ہوٹل جے ڈبلیو میرٹ مارکوئس دبئی ٹاور تھا جس کی اونچائی 355 میٹر ہے۔