خبرنامہ

دبئی کی پولیس نے وہائٹ ہاؤس کو بلیک میل کرنے والے ’’ہیکروں ‘‘کو گرفتارکرلیا

دبئی (ملت آن لائن + آئی این پی) دبئی کی پولیس نے وہائٹ ہاؤ س کو بلیک میل کرنے والے ’’ہیکروں‘‘ کو گرفتار کرلیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق دبئی کی پولیس نے سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہیکروں کی اس ٹولی کو پکڑ لیا ہے جس نے امریکی وہائٹ ہاؤ س کے کئی سینئر اہل کاروں کے ای میل اکانٹس ہیک کر لیے تھے۔روزنامہ البیان کے مطابق دبئی پولیس کے سینئر اہل کار میجر ڈاکٹر سعود الخالدی نے بتایا کہ وہائٹ ہاؤس میں متعلقہ حکام کی جانب سے انہیں سرکاری طور پر ایک ای میل موصول ہوئی جس میں وہائٹ ہاس کے 5 سینئر ذمے داران کے ای میل اکانٹس ہیک ہونے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔ ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ ہیکروں نے خفیہ معلومات حاصل کر لی ہے اور وہ بلیک میلنگ کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔ وہائٹ ہاس حکام نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ ہیکروں کا یہ گروپ اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔اس ای میل کے موصول ہونے کے بعد سائبر کرائمز کے شعبے سے متعلق ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور دو گھنٹے کے اندر ہی امارت عجمان میں ایک اپارٹمنٹ میں ہیکروں کے ٹھکانے کا پتہ چلا لیا گیا۔ متعلقہ حکام کے ساتھ جائے مقام پر چھاپہ مارا گیا اور تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ ہیکنگ کی کارروائیوں میں ملوث یہ گروپ حاصل ہونے والی معلومات بھاری رقوم کے عوض فروخت کرتے ہیں۔