خبرنامہ

دبئی کے بھکاری ماہانہ 70 لاکھ روپے تک کمانے لگے

دبئی کے بھکاری ماہانہ 70 لاکھ روپے تک کمانے لگے

دبئی:(ملت آں لائن) آپ یقین نہیں کریں گے مگر یہ سچ ہے کہ دبئی میں موجود بھکاریوں کی ماہانہ آمدنی 70 لاکھ روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ دبئی میں دولت کی ریل پیل ہے لیکن یہ نہیں جانتے کہ دبئی کے پیشہ ور بھکاری ایک ماہ میں اتنی بڑی مالیت کی بھیک جمع کرلیں گے لیکن عرب میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایشیا کے غریب ممالک سے بھکاری 3 ماہ کے ویزے پر یہاں آتے ہیں اور اسی تین ماہ میں کروڑوں روپے جمع کرلیتے ہیں۔ آپ حیران ہوں گے کہ اچھا پیشہ ور بھکاری ایک ماہ میں 270,000 درہم یعنی 73 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر رقم اکٹھی کرلیتا ہے۔

دبئی میں امیر افراد کی بہتات ہے جس کا گراف مسلسل 3 سال سے بڑھتا جارہا ہے حکومت کی جانب سے گداگری کے خلاف بھرپور کارروائیوں کے باوجود بھکاری نت نئے طریقوں سے مانگ رہے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ کے اس لاس ویگاس میں کروڑ پتی ہوچکے ہیں۔ ان میں سرِفہرست ایشیائی اور عرب بھکاریوں کے گروہ سرگرم ہیں۔

دبئی کے بھکاری بہت ہوشیاری سے اپنا کام کرتے ہیں انہیں ایسے لوگوں کی تلاش ہوتی ہے جو ظاہری طور پر بہت امیر دکھائی دیتے ہیں۔ وہ اپنے اہلِ خانہ کو فٹ پاتھ کے کنارے بٹھاتے ہیں تاکہ ہمدردی حاصل کی جاسکے یا پھر خود کو مشرقِ وسطیٰ کے جنگ سے متاثرہ کسی ملک کا قرار دیتے ہوئے فوری مدد کی درخواست کرتے ہیں۔

اصل معاملہ اس وقت شروع ہوتا ہے جب وہ مناسب رقم نکلوالیتے ہیں اور بسا اوقات 10 درہم دینے والے سے 100 درہم لے اڑتے ہیں۔ کبھی کبھی یہ 1000 درہم تک مانگ لیتے ہیں اور ان کی دکھ بھری داستان سن کر لوگ ترس کھاتے ہوئے انہیں اتنی بڑی رقم بھی عطا کردیتے ہیں۔دبئی کے ایک رہائشی نوال النقبی کہتے ہیں کہ اصل کمال ان کی دکھ بھری داستان کا ہوتا ہے جسے وہ ہر ایک کو سناتے ہیں۔

مقامی انتظامیہ نے ایک سال تک ان بھکاریوں کے خلاف آپریشن کیا تو معلوم ہوا کہ یہ لوگ دبئی کے مہنگے ترین علاقوں میں رہتے ہیں اور سیاحتی ویزا پر آنے کے باوجود تین ماہ کے اندر کروڑوں کی رقم بنالیتے ہیں۔ جمعے کے روز یہ مساجد کے باہر کھڑے ہوجاتے ہیں اور اس روز سب سے زیادہ کماتے ہیں جبکہ بیشہ ور بھکاری ایک ہی دن میں 9 ہزار درہم تک حاصل کرلیتے ہیں۔

جب انہیں گرفتار کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ ملک میں تین ماہ کے سیاحتی ویزا پر قانونی طور پر داخل ہوئے ہیں، سال 2017ء ان پیشہ ور بھکاریوں کے لیے بہت اچھا سال ثابت ہوا کیونکہ دبئی کے شیخ خلیفہ بن زید بن النہیان نے اس سال کو ’خیرات کا سال‘ قرار دیا تھا جس کے تحت دبئی اور دبئی سے باہر دولت مند مقامی افراد نے دل کھول کر خیرات کی تھی لیکن افسوس کہ حق داروں کا حق ان پیشہ ور بھکاریوں نے لوٹ لیا۔

سال 2017ء کے رمضان کے صرف چند دنوں میں 65 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں عوامی اطلاع کے لیے ایک ہاٹ لائن بھی بنائی گئی ہے تاہم اب بھی بھکاریوں کی تلاش اور شناخت پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے۔