خبرنامہ

دنیا کا مہنگا ترین تکیہ٬ قیمت نیند اڑا دے

ایک فزیکل تھراپسٹ نے 15 سال کا عرصہ صرف کر کے ایک ایسا تکیہ تیار کیا ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ آپ کی نیند کے تمام مسائل حل کردے گا لیکن اس تکیے کی قیمت ضرور آپ کی نیند اڑا دے گی-
جی ہاں یہ دنیا کا مہنگا ترین تکیہ جسے ڈچ فزیکل تھراپسٹ Thijs van der Hilstنے تیار کیا ہے- اس تکیے کی قیمت 57 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے-
یہ بیش قیمت تکیہ شہتوت کی ریشم٬ مصری روئی٬ غیر زہریلا ڈچ فوم اور 24 قیراط سونے کے حامل فیبرک کی مدد سے تخلیق کیا گیا ہے- اس کے علاوہ اس تکیے میں 4 ہیرے اور 22.5 قیراط سفائر بھی نصب ہے-
یہ مہنگے ترین تکیے صرف صارف کی ڈیمانڈ پر تیار کیے جائیں گے کیونکہ ان کی تیاری میں صارف کے جسمانی خدو خال اور سونے کی عادات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے-
فزیکل تھراپسٹ کا کہنا ہے کہ “ میں اپنے مریضوں کو اچھا تکیہ خریدنے کا مشورہ دیتا ہوں٬ لیکن ان کے لیے کونسا بہتر ہے یہ دیکھنا ہوتا ہے کیونکہ 3 سائز میں تکیے دستیاب ہوتے ہیں- جیسے ہمارے پاؤں کا سائز مختلف ہوتا ہے ویسے ہی ہماری گردن کی لمبائی اور کندھوں کی چوڑائی بھی مختلف ہوتی ہے اور اسی طرح ہر شخص کے سونے کا انداز بھی علیحدہ اور منفرد ہوتا ہے- اس لیے تکیہ ہر شخص کے اپنے مطابق ہونا چاہیے“-