خبرنامہ

دنیا کی مشہور چاکلیٹ سے کیڑا نکل آیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

واشنگٹن:
اٹلی کی معروف چاکلیٹ کمپنی کی تیار کردہ چاکلیٹ بالز سے کیڑے نکلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں دو خواتین اپنی پسندیدہ ’’فریرو روچر‘‘ چاکلیٹس خرید کر لائیں اور ٹی وی کے سامنے بیٹھ پر اس کے مزے لینے لگیں۔ دونوں خواتین چاکلیٹ کا آدھا ڈبہ ختم کر چکی تھیں کہ اچانک ایک خاتون نے چاکلیٹ بال پر لاروے کو رینگتے ہوئے دیکھا۔

معروف برانڈ کی چاکلیٹ میں کیڑے کی موجودگی دیکھ کر خاتون کی حیرت کی انتہا نہ رہی اور انہوں نے ڈبے میں موجود دیگر چاکلیٹس کو بھی کھول کر دیکھنے کا فیصلہ کیا اور جب ایک ایک کر کے انہوں نے چاکلیٹس کو کھولا تو ہر چاکلیٹ میں انہیں کیڑا نظر آیا۔

خاتون نے چاکلیٹ بالز پر رینگتے ہوئے کیڑے کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی تاکہ دیگر لوگ اس سے باخبر ہو سکیں اور کھانے سے پہلے چاکلیٹ کو اچھی طرح چیک کر لیں۔ اس ویڈیو کو اب تک تقریباً 5 کروڑ افراد دیکھ چکے ہیں۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں کمپنی کو ای میل بھی کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈبے پر چاکلیٹس کے خراب ہونے کی تاریخ 6 مارچ 2018 درج ہے۔ دوسری جانب کمپنی کے ترجمان نے برطانوی میڈیا کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ کمپنی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی کمپنی میں اپنائے جانے والے حفظان صحت کے اصولوں پر فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چاکلیٹ کے ڈبے میں اسے اسٹور کرنے کے حوالے سے واضح ہدایات لکھی ہوتی ہیں، ممکن ہے کہ جس دکان سے چاکلیٹس خریدی گئیں وہاں صفائی کا خیال نہ رکھا گیا ہو۔

تاہم ریچل اور ان کی دوست کا کہنا ہے کہ آج کہ بعد وہ یہ چاکلیٹس کبھی نہیں کھائیں گی۔