خبرنامہ

دنیا کی پہلی برفانی لائبریری کا افتتاح

روس میں دنیا کی پہلی برفانی لائبریری کا افتتاح کردیا گیا۔ اس انوکھی لائبریری میں برف کی دیواروں پر مختلف جملے لکھے گئے ہیں۔

اپنی نوعیت کی منفرد اس لائبریری کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے اپنے پسندیدہ عبارات و منتخب جملے بھیجے جنہیں برف سے بنی دیواروں پر کندہ کیا گیا۔

اس لائبریری میں انگریزی، روسی اور چینی زبان میں مختلف کتابوں سے لی گئی عبارتیں درج ہیں۔


….

آزادی کے 70 سال، کراچی تا خیبر جشن ہی جشن، پورا ملک سبز رنگ میں رنگ گیا
ملک بھر میں 70 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، مساجد میں ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

لاہور: خدا کرے کہ میری ارض پاک پہ اترے وہ فصلِ گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو۔ ملک کا 70 واں یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ ہم ارض پاک پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہر مشکل کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام اور ترقی کیلئے دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے دستے نے مزار پر ذمہ داریاں سنبھال لیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کیا۔ کمانڈنٹ کموڈور عدنان احمد نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے اور شاعرمشرق علامہ محمد اقبال کو سلامی دی۔ گیریژن کمانڈر لاہور میجر جنرل محمد عامر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشن آزادی ملی جذبے اور دھوم دھام سے منایا جا رہا ہے اور پرچم کشائی کی تقاریب بھی ہو رہی ہیں۔