خبرنامہ

دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کا جذبہ ضروری ہے،ایرانی وزیر خارجہ

تہران: (ملت+اے پی پی) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ جنگ کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کا جذبہ موجود ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات میں دنیا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے پھیلنے کے خطرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی سرحد کے قائل نہیں ہیں اورایران، روس اور ترکی کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں نظریاتی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے انقرہ میں روس کے سفیر کے قتل پر روس کے ساتھ ایرانی قوم اور حکومت کی ہمدردی پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لیے روسی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ دہشت گرد گروہوں اور ان کے اقدامات کے لیے کسی جواز کا قائل نہیں ہے۔ محمد جواد ظریف نے ایران اور روس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کے ممالک قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کا تعاون کامیاب رہا ہے اور شام کے عوام کو امداد پہنچانے کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی اس ملاقات میں ترکی میں روس کے سفیر کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جرم سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لیے روس کے عزم میں مزید اضافہ ہوا ہے اوردہشت گرد اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔ روسی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ روس شام کی قانونی حکومت کی حمایت سے ہاتھ نہیں کھینچے گا۔