خبرنامہ

دودن تک موبائل فون پر گیم کھیلنے والا نوجوان فالج کا شکار

دودن تک موبائل فون پر گیم کھیلنے والا نوجوان فالج کا شکار
گوانگ زو:(ملت آن لائن) چین میں ایک نوجوان موبائل فون پر مسلسل دو دن تک گیم کھیلنے کے باعث فالج کا شکار ہوگیا جسے ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی گردن کی رگوں کا آپریشن کرنا پڑا۔ 29 سالہ نوجوان نے 48 گھنٹوں کے دوران وقت کا بڑا حصہ موبائل فون کی اسکرین پر گردن جھکا کر گیم کھیلنے میں گزارا، تیسرے دن کی شروعات میں ہی نوجوان کو گردن کے پچھلے حصے میں شدید درد اور سختی کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں کچھ ہی دیر میں اس کے تمام اعضا ڈھیلے پڑ گئے۔ گھر والوں نے نوجوان کو مفلوج پاکر فوری طور پر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا جہاں ایم آر آئی اور دیگر تشخیصی ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے اسے فالج کا حملہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق گردن مسلسل جھکانے اور اس پر زور پڑنے کے سبب نوجوان کے جسم میں خون کی روانی متاثر ہوئی اور اسپائنل ٹیوب یعنی حرام مغز کی نالی میں خون کے لوتھڑے بن گئے، حرام مغز اور ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ پڑنے سے فالج کا دورہ پڑ گیا۔ڈاکٹروں نے فوری طور پر نوجوان کا آپریشن کرکے خون کے لوتھڑے دور کیے جس کے بعد اس کے جسم کے پٹھوں میں خون کی روانی بحال ہونے کے سبب فالج کا اثر کم ہوا اور جسم کے اعضا کی طاقت بحال ہونا شروع ہوئی، نوجوان کو کئی دن انتہائی نگہداشت وارڈ میں گزارنے پڑے جس کے بعد وہ چلنے کے قابل ہوگیا اور اسے اسپتال سے فارغ کردیا گیا تاہم نوجوان کو 100 فیصد جسمانی قوت حاصل کرنے کے لیے متعدد بار جسم کی فزیو تھراپی کرانی ہوگی۔