خبرنامہ

دوست ڈوب گیا مگر دوستوں کی سیلفیاں جاری رہیں

دوست ڈوب گیا مگر دوستوں کی سیلفیاں جاری رہیں

بنگلورو(ملت آن لائن)سیلفی کے بخار نے پوری دنیا کو اس شدت کے ساتھ اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے کہ اگر کوئی مر بھی رہا ہو تو اسے بچانے کی بجائے لوگ سیلفیاں لینے میں مگن رہتے ہیں۔

بھارت کے شہر بنگلورو میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں کالج کا ایک طالب علم تالاب میں ڈوب گیا لیکن اس کے دوست سیلفیاں لینے میں مگن رہے۔ ان لاپروا اور بے حس لڑکوں کی سیلفی میں اپنے دوست کی موت کا منظر بھی قید ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شہر کے کالج کے 25 طلبہ کا گروپ پکنک منانے شہر کے مضافات میں واقع بڑی جھیل پر گیا، لڑکوں نے نہاتے ہوئے اپنی تصاویر اور سیلفیاں کھینچنی شروع کیں جب کہ اس دوران ان کا دوست 17 سالہ وشواس جی جھیل میں ڈوب گیا لیکن باقی طلبا کو اس کا علم ہی نہیں ہوا حالانکہ ان کی سیلفی میں وشواس ڈوبتا ہوا بھی دکھائی دیا۔

سیلفیاں لینے کے بعد وہ بے خبر لڑکے آگے بڑھ گئے اور انہیں ہوش اس وقت آیا جب کھینچی گئی تصاویر دیکھتے ہوئے اپنے دوست کے ڈوبنے کی تصویر نظر آئی۔ تاہم اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور وشواس ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ان سے جدا ہوچکا تھا۔ وشواس کے والدین نے کالج انتظامیہ پر غفلت برتنے کا الزام لگایا ہے اور طلبا نے بھی کالج انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جب کہ پولیس نے طالب علم کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔