دوست کی خاطر لڑکی نے 30 بار پلاسٹک سرجری کرالی
وکٹوریہ سٹی:(ملت آن لائن) ہانگ کانگ کی رہائشی لڑکی نے اپنے دوست کو متاثر کرنے کے لیے چہرے کی 30 سے زائد بار پلاسٹک سرجری کرالی۔ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ بیری اینجی اپنے دوست کو پسند کرتی ہے جسے متاثر کرنے کے لیے وہ پلاسٹک سرجری کی لت کا ایسا شکار ہوئی کہ اس نے اب تک 30 سے زائد بار پلاسٹک سرجری کرالی ہے۔بیری کا کہنا ہے کہ اس نے پہلی بار پلاسٹک سرجری اس وقت کرائی جب وہ 17 برس کی تھی۔ دیگر لڑکیوں کی طرح وہ بھی مغربی ماڈلز کی مانند حسین نظر آنا چاہتی تھی، ایک دن اس نے بیوٹی سینٹر کی جانب سے اسٹوڈنٹس پیکیج کی پیشکش دیکھی جس میں سرجری کے لیے 3 انجکشن خاصی کم قیمت پر لگائے جا رہے تھے جس کا فوری فائدہ اُٹھاتے ہوئے اس نے سرجری کروانا شروع کردی۔لڑکی نے کہا کہ ہربار سرجری کروانے کے بعد وہ خود کو پہلے سے زیادہ حسین محسوس کرتی تھی لیکن اس کے باوجود اس کا دوست اسے ناپسند کرتا اور بے عزتی کرتا رہا، بار بار ناپسندیدہ لڑکی ہونے کا طعنہ دیتا جس کے بعد بوائے فرینڈ کو راغب کرنے کی غرض سےاس نے 6 ماہ کے دوران پلکوں، ناک اور پیشانی سمیت چہرے کی 30 سے زائد مختلف سرجریز کرائیں لیکن بعد میں اندازہ ہوا کہ وہ دوسرے کو خوش کرنے کے چکر میں پلاسٹک سرجری کی لت کا شکار ہو چکی ہے۔بیری اینجی کا کہنا تھا کہ اگر میرا بوائے فرینڈ صرف ایک بار ہی اتنا کہہ دیتا کہ میں خوبصورت ہوں تو یہ سب کچھ نہ کرتی لیکن اب مجھے اپنے اس فیصلے پر بہت افسوس ہے۔