خبرنامہ

دہشت گردی کے سوتے خشک کرنے کی ضرورت ہے،سعودی شاہ سلمان

شدت پسندی ، دہشت گردی اور دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت یہ امور اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ ہم سب متحد ہو کر ایک صف میں کھڑے ہوجائیں
سعودی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا انڈونیشیا کے پارلیمنٹ میں مختصر خطاب
جکارتہ(آئی این پی)سعودی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ شدت پسندی ، دہشت گردی اور دوسرے ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت یہ امور اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ ہم سب متحد ہو کر ایک صف میں کھڑے ہوجائیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق انڈونیشیا کے پارلیمنٹ کے اندر اپنے مختصر خطاب میں شاہ سلمان نے امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوششوں کو بڑھانے اور دہشت گردی کے سوتے خشک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سعودی فرماں روا نے دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات کو سراہا۔ شاہ سلمان نے باور کرایا کہ ان کے دورے کا نتیجہ فریقین کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کی صورت میں سامنے آیا۔شاہ سلمان نے انڈونیشی ارکان پارلیمنٹ سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگوں کے درمیان موجودگی کو میں اپنی خوش بختی شمار کرتا ہوں۔ ہم ان تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے خواہاں ہیں جن سے دونوں ملکوں کے برادر عوام کے مفاد کو فائدہ پہنچے۔