راہ گزرتے حقیقی مناظر کو مختلف شکل دینے کا انوکھا فن
لاہور:(ملت آن لائن) اسٹریٹ فوٹو گرافی، تصاویر کھینچنے کا ایک ایسا فن ہے، جس میں ہر پل حاضر دماغی کا مظاہرہ نہایت ضروری ہے۔ ناروے کے فنکار پاؤ بسکاتو بھی ایک ایسے ہی اسٹریٹ فوٹوگرافر ہیں، جن کی تصاویر دیکھ کر سب سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ تصویر میں کون کیا کر رہا ہے اور کون سا منظر حقیقی ہے اور کون سا مصنوعی۔ بورڈ پانڈا کی رپورٹ کے مطابق پاؤ بسکاتو کا کہنا ہے کہ وہ پہلے سے کوئی منصوبہ نہیں بناتے کہ کہاں جا کر کون سی تصویر بنانی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چلتے وقت ایسا لگتا ہے کہ بہت سی چیزیں باتیں کر رہی ہیں اور کچھ کہنا چاہتی ہیں، ایسے لمحوں کو قید کرنا اچھا لگتا ہے۔ پاؤ بسکاتو کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ فوٹو گرافی ان کے لیے کسی کھیل سے کم نہیں، جس طرح بچے گلیوں میں گیند سے کھیل کر لطف اندوز ہوتے ہیں، اسی طرح انہیں کیمرے میں مناظر قید کر کے مزہ آتا ہے۔ وہ اپنے فن کا مظاہرہ مختلف ممالک کے علاقوں میں بھی دکھا چکے ہیں، جنہیں دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ نیو یارک کی گلیوں سے وہ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
پاؤ بسکاتو کی کچھ تصاویر یہاں پیش کی جارہی ہیں۔
زیرِ نظر تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاں کوئی عام راہ گیر اپنے اردگرد موجود چیزوں کو نظر انداز کرتے ہوئے چلتا ہے، وہیں پاؤ بسکاتو نے یہ تصویر اس طرح سے کھینچی ہے جس نے سڑک پار کرتے ہوئے ایک آدمی کی لاٹھی کو سڑک پر بنائے گئے نشانات سے ملا کر ایک ایرو (تیر) کی شکل بنادی ہے، اور ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ کسی سمت کی نشاندہی ہو رہی ہے۔ زیرِ نظر تصویر اتنی مہارت سے کھینچی گئی ہے کہ ایک نظر ڈالنے پر معلوم ہوتا ہے کہ جیسے سارے پرندے ہیں، جبکہ اصل میں ایک زیر تعمیر عمارت پر لگے کپڑے میں سوراخ نے ایک پرندے کی شکل اختیار کرلی ہے۔ بھارت کی ایک گلی میں ایک ٹیکسی اور راہ گیر کے ہاتھ میں پکڑا ہوا ایک زرد رنگ کا بورڈ ایسا منظر پیش کر رہا ہے کہ جیسے ان صاحب نے ٹیکسی کے بونٹ کا ایک ٹکڑا ہاتھ میں پکڑ رکھا ہے۔ زیر نظر تصویر میں بھی پاؤ بسکاتو کی فنکارانہ صلاحیتیں دیکھی جاسکتی ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ خاتون کے پیچھے آنے والے شخص کا چہرہ آگ کی لپیٹ میں آگیا ہے۔ یہ تصویر ایک ایسے زاویئے سے کھینچی گئی ہے کہ ایک شخص کی پشت پر لگے بورڈ پر بنے ہوئے دو کان، بظاہر ان کے اپنے کان معلوم ہو رہے ہیں۔ زیر نظر تصویر کو دیکھ کر ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ ایک خاتون اپنا بیگ کھول کر پرندوں کو کھلی فضا میں آزاد کر رہی ہیں۔