رنگین دھاگوں سے بنے اچھوتے فن پارے
لاہور:(ملت آن لائن) رنگوں کی مدد سے مصوری کا جوہر تو کوئی بھی دکھا سکتا ہے لیکن رنگین دھاگوں کی مدد سے ایسی تصاویر بنانا کہ وہ بالکل حقیقی پینٹنگ معلوم ہوں، ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ روس سے تعلق رکھنے والی ویرا شیمونیا ایک ایسی ہی خاتون فنکارہ ہیں جو رنگین دھاگوں سے ایسی کڑھائی کرتی ہیں کہ معلوم ہوتا ہے کہ اس میں دھاگے نہیں بلکہ رنگ بھرے ہوئے ہیں۔ ویرا، رنگا رنگ دھاگوں کی مدد سے کپڑوں اور دیگر فریم پر منظر کشی کرتی ہیں جن میں بالکل مصوری کی جھلک نظر آتی ہے۔ کبھی وہ ہرے بھرے جنگل کا کوئی منظر کاڑھتی ہیں تو کبھی خوبصورت سمندر بنا کر دلچسپ فن کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ ویرہ کے ان فن پاروں کو بہت سے لوگ اپنے گھر میں آرائش کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ وہ اپنے فن پاروں کی نمائش اکثر انسٹاگرام پر کرتی رہتی ہیں جنہیں پسند کرنے والوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔
…………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…..عالمی یوم خواتین پر روسی پولیس کا خواتین کیلئے دلچسپ تحفہ
لاہور:(ملت آن لائن)دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی گئی ہیں۔ روسی پولیس نے بھی اس موقع پر خواتین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی پوری کوشش کی اور یہ دن منانے کے لیے دلچسپ انداز اختیار کرتے ہوئے انہیں گلاب کے پھول پیش کیے۔ہفنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار گاڑی چلانے والی خواتین کو جب روکتے تو وہ پریشان ہوجاتیں اور گھبرا کر پوچھتیں کہ آخر کیا بات ہے، لیکن جیسے ہی وہ اہلکار کے ہاتھ میں گلاب کی کلی دیکھتیں تو حیران رہ جاتیں۔ خواتین کے مطابق جب پولیس اہلکار نے ان کی گاڑی کو روکا تو ان کے ذہن میں صرف چلان کاٹنے کا خیال آیا تھا۔ خواتین اس دلچسپ سرپرائز پر جہاں دنگ رہ گئیں وہیں انہیں خوشگوار حیرت بھی ہوئی۔ کچھ خواتین نے تو پولیس اہلکاروں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔