خبرنامہ

روسی بمباری سے شام میں تین ترک فوجی ہلاک،11 زخمی

ماسکو (ملت + اے پی پی) ترک فوج کی جانب سے جاری ایک اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ کل شام میں روسی طیاروں کی غلطی سے بمباری کے نتیجے میں ترکی کے 3 فوجی ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ترک فوجی حکام کے مطابق یہ واقعہ شمالی شام کے الباب شہر میں پیش آیا جہاں ترک اور روسی فوجی داعش کے خلاف جنگ میں شریک ہیں۔ ادھر روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ترک فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ رابطہ نہ ہونے کے نتیجے میں غلطی سے پیش آیا ہے۔ماسکو کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پیوٹن نے اپنے ترک ہم منصب طیب ایردوآن سے فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کریملین کا کہنا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن نے شام میں غلطی سے بمباری کے دوران 3 ترک فوجیوں کی ہلاکت پر ترک حکومت سے تعزیت کی ہے۔