روسی والدین لالچی بیٹے کےلیے اپنی ہلاکت کا ڈرامہ رچانے پر مجبور
سوچی:(ملت آن لائن) روس میں 22 سالہ شقی القلب نوجوان کو اپنے خاندان کے اقدامِ قتل میں گرفتار کرلیا گیا جس کےلیے اس کے والدین نے بھی اپنی موت کا ڈرامہ رچایا۔ یہ ہولناک کہانی روسی علاقے سوچی کے اس نوجوان کی ہے جو اپنے والدین اور بہنوں کو قتل کروا کر ساری جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا۔ روسی میڈیا کے سامنے اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے اس ہولناک منصوبے کےلیے خود کو آمادہ کیا لیکن ایک مرتبہ ناکامی کے بعد اس نے اپنے پورے خاندان کو موت کے گھاٹ اتارنے کےلیے کرائے کے قاتل (ہِٹ مین) کی تلاش شروع کردی اور اس کا ذکر اپنے ایک قریبی دوست سے بھی کردیا اور اس سے قاتل کی تلاش میں مدد کی درخواست کی۔ تاہم اس کے دوست نے پولیس کے سامنے جاکر اس کا سارا منصوبہ بیان کردیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ اس کے بعد لڑکے کے اسی دوست نے ایک پولیس اہلکار کو اجرتی قاتل کے روپ میں پیش کیا اور اس کی ملاقات لڑکے سے کرائی گئی۔ اس ملاقات میں اس کے سفلی مقاصد مزید واضح ہوگئے اور اس نے قاتل کے روپ میں موجود پولیس افسر کے سامنے گھروں کے کمروں کا محلِ وقوع، چوکیدار، کتے اور سیکیورٹی کیمروں کی تفصیل بیان کی۔ اس نے یقین دلایا کہ کامیاب قتل کی صورت میں پولیس اہلکار کو 55 لاکھ روپے ادا کرے گا۔