خبرنامہ

روس اور امریکا کا شام بارے رابطوں کا سلسلہ مسلسل جاری رکھنے کا اعلان

برن۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ نے شام سے متعلق لوزان اجلاس کے بعد اعلان کیا ہے کہ شام سے متعلق رابطوں کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے لوزان کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوزان مذاکرات میں مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن پر تبادلہ خیال کیا گیا اور طے پایا کہ مستقبل قریب میں شامی بحران کے حل کے لئے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ مذاکرات کا عمل جاری رکھے جانے سے امید کی جاتی ہے کہ شامی بحران کے حل کا کوئی راستہ نکل آئے گا۔ واضح رہے کہ شام کے سلسلے میں لوزان کی ایک روزہ کانفرنس میں ایران، امریکا، روس، سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، عراق اور اردن کے وزرائے خارجہ اور شام کے امور کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے شرکت کی۔