خبرنامہ

روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

نیویارک (ملت + اے پی پی) میانمار کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر یانگ ہی لی نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔یانگ ہی لی نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اجتماعی جنسی زیادتیوں اور دوسرے جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے حکومت میانمار کی جانب سے، انہیں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دیئے جانے پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔اقوام متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق 2016 کے دوران انتہا پسند بدھسٹوں اور فوج کے حملوں کی وجہ سے چالیس ہزار روہنگیا مسلمان بے گھر ہوئے ہیں۔اس سے پہلے مارچ 2016 میں اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کی صورتحال کے بارے میں سخت خبردار کیا تھا۔اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کو انتہائی دشوار صورتحال کا سامنا ہے اور خوراک اور دواؤں کے نہ ملنے کے باعث سیکڑوں بچوں اور عورتوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں۔