زندہ جانوروں کی بطور کی چین فروخت
لاہور:(ملت آن لائن) چین میں ننھے ننھے زندہ جانوروں کو پلاسٹک بیگ میں قید کر کے کی چینز کی صورت میں فروخت کیا جارہا ہے جو ایک طرف تو لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہے ہیں تو دوسری جانب جنگلی حیات کے لیے کام کرنے والوں کو بھی پریشانی میں مبتلا کر رہے ہیں۔ ننھے ننھے آبی جانوروں کو پلاسٹک بیگز میں قید کر کے بیچنے کا عمل چین میں کافی عرصے سے جاری ہے۔
سنہ 2011 میں سی این این نے اس بارے میں ایک رپورٹ پیش کی تھی تاہم اس کے باوجود یہ کاروبار کامیابی سے جاری و ساری ہے۔
ان ’کی چینز‘ میں کسی ننھے جانور کو قید کر کے اس میں پانی، آکسیجن اور کچھ نمکیات بھر دیے جاتے جو اس جانور کو چند دن تک زندہ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
تاہم 2 سے 3 دن بعد یہ جانور مر جاتے ہیں جس کے بعد یہ کی چین بیکار ہوجاتے ہیں اور انہیں پھینک دیا جاتا ہے۔
پلاسٹک بیگ میں قید کیے جانے والے ان جانوروں میں کچھوے، مچھلیاں، چھپکلیاں اور دیگر جاندار شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آبی جانوروں کو اس طرح قید کر کے رکھنا بدترین ظلم ہے۔
آبی جاندار درجہ حرارت کے مقابلے میں بے حد حساس ہوتے ہیں اور معمول سے زیادہ گرم یا سرد درجہ حرارت برادشت نہیں کر پاتے، یہی وجہ ہے کہ یہ جاندار بہت جلد اذیت ناک موت مرجاتے ہیں۔