سائبیریا میں ایک تھیلے سے 54 انسانی ہاتھ برآمد
سائبیریا:(ملت آن لائن) روس کے سرد اوردور افتادہ علاقے سائبیریا میں انسانی ہاتھوں سے بھرا ایک تھیلا ملا ہے جس میں ہاتھوں کے 27 جوڑے برآمد ہوئے ہیں۔ اس معمے سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور خیال یہ ہے کہ شاید اسے انسانی اعضا کی بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔ چین اور روس کے سرحد پر واقعے ایک شہر خباروسک میں دریا کے کنارے ایک بیگ ملا ہے جس میں کلائی سے کٹے ہوئے بہت سے انسانی ہاتھ ملے ہیں۔ یہ ہاتھ جوڑوں کی شکل میں ہیں اور اس عجیب واقعے نے خود پولیس کو بھی پریشان کردیا ہے۔ دریا کے کنارے مچھلی پکڑنے کے ایک اہم مقام کے پاس یہ تھیلا ملا ہے جس پر ایک مقامی شخص کی پہلی نظر پڑی تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس میں کس کے ہاتھ ہیں، کس نے کاٹے ہیں اور ان کا کیا مقصد تھا؟ کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ شاید یہ ہاتھ کسی جرم یا چوری کی پاداش میں کاٹے گئے ہیں۔ یا پھر مرنے والوں کی قبر کھود کر ان کی لاشوں کو کاٹ کر ہاتھ جمع کیے گئے ہیں۔ یا کسی اسپتال میں وفات پانے والوں سے یہ ہاتھ کاٹے گئے ہیں۔ لیکن اس علاقے میں اب تک انسانی اعضا کی اسمگلنگ کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں۔ پولیس نے احتیاط سے ہاتھوں کا معائنہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ ہاتھوں کے پاس سے پٹیاں اور بینڈیج بھی ملی ہیں لیکن اس کے باوجود اب تک پولیس یہ معمہ حل نہیں کرسکی ہے اور وہ مزید تفتیش کررہی ہے۔