خبرنامہ

سال 2017ء کے پانچ مقبول ترین بیوٹی ٹرینڈز

سال 2017ء کے پانچ مقبول ترین بیوٹی ٹرینڈز

لاہور: (ملت آن لائن) اس سال جہاں ہر شعبے میں بہت سی جدت دیکھنے کو آئی وہیں بیوٹی انڈسٹری میں بھی کافی زیادہ ترقی دیکھنے کو ملی۔ 2017ء میں بیوٹی انڈسٹری میں پانچ حیران کن ٹرینڈز متعارف ہوئے۔ ان میں سے کچھ دیکھنے میں بہت حسین لگتے ہیں تو کچھ بہت عجیب۔ آپ ان میں سے کتنے ٹرینڈز سے واقف ہیں؟

گلیٹر
اس سال بہت سی ایسی میک اپ مصنوعات متعارف کروائی گئیں جن میں گلیٹر یعنی افشاں کا بہت زیادہ استعمال کیا گیا تھا۔ ان میک اپ مصنوعات میں نیل پالش، لپ اسٹک، ہئیر کلر اور آئی لائینر شامل ہیں۔ ان میک اپ مصنوعات کے علاوہ گلیٹر ویسے بھی میک اپ کے طور پر دستیاب ہوتا ہے۔ اس سال خواتین نے اس گلیٹر کا اپنے حسن کو نکھارنے کے لیے خوب استعمال کیا۔
مینی کیور میں پتھروں کا استعمال
اس سال مینی کیور میں ایک اور تبدیلی آئی۔ مینی کیور میں ناخنوں میں سوراخ کر کے مختلف سجاوٹی اشیاء جیسے کہ گھنگھروں، تالے، یا دل وغیرہ لٹکانے کا رواج شروع ہوا۔ اس کے علاوہ ناخنوں پر اصلی پتھر لگا کر بھی ان کی آرائش کی گئی۔

سٹیمپ آن میک اپ
اس سال میک اپ کے لیے مختلف سٹیمپ (مہر) بھی ٹرینڈز میں آئیں۔ان مہروں کی مدد سے آئی لائینر اور بھنووں کو شیپ دینا بہت آسان ہو گیا ہے۔ آپ اگر ونجڈ آئی لائینر لگانا چاہتی ہیں تو بس یہ سٹیمپ خریدیں اور اسے اپنی آنکھ کے بیرونی کونے پر رکھ کر دبائیں۔ ایک خوبصورت اور مکمل ونجڈ آئی لائینر آپ کی آنکھ پر ہوگا۔

بالوں پر ٹیٹو
اس سال جو عجیب ترین بیوٹی ٹرینڈ مقبول ہوا وہ بالوں پر ٹیٹو بنوانا ہے۔ آپ حیران ہو رہے ہوں گے کہ بالوں پر ٹیٹو کیسے بنتا ہے تو جناب اس کے لیے بالوں کو بہت چھوٹا کاٹا جاتا ہے۔ اس کے بعد بالوں کے مختلف حصوں کو مختلف رنگ دے کر ایک ٹیٹو کی شکل دی جاتی ہے۔

چہرے کے عجیب ماسک
اس سال کچھ عجیب و غریب چہرے کے ماسک بھی کافی مقبول ہوئے۔ کسی نے ربر کی طرح کا ماسک متعارف کروایا تو کسی نے جالی والے کپڑے کی مدد سے چہرے کا ماسک بنایا تو کسی نے ایسا ماسک متعارف کروایا جو سوکھنے پر چہرے پر جھریوں کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔