خبرنامہ

سب سے عجیب و غریب جانور

ہمیں حیران کرنے کے لیے قدرت نے جا بجا عجیب و غریب نظارے بکھیرے ہوئے ہیں اور اگر ان کی تفصیلی فہرست مرتب کی جائے تو شاید سینکڑوں انسائیکلوپیڈیا بھی ناکافی رہیں گے۔

پھر بھی ہم نے کچھ ایسے جانور تلاش کیے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ حیرت سے دانتوں تلے انگلیاں دبانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ملاحظہ کیجیے:

ٹریزیئر

ظاہر لمبی لمبی انگلیوں اور بڑی بڑی آنکھوں والا یہ جانور شاید دنیا کا سب سے چھوٹا بندر ہے جو جنوب مشرقی ایشیا میں پایا جاتا ہے۔ اس کی جسامت صرف 3 سے 6 انچ ہوتی ہے لیکن یہ صرف جنگلات ہی میں رہنے کا عادی ہے یعنی اسے پالا نہیں جاسکتا۔

پگمی مارموسیٹ

یہ بھی بندر ہی ہیں لیکن جنوبی امریکا میں پائے جاتے ہیں۔ ان کی جسامت بھی 6 انچ سے زیادہ نہیں ہوتی اور ٹریزیئر کی طرح یہ بھی جنگلوں میں درختوں پر رہنے کے عادی ہوتے ہیں۔

سفید شیر

تصویر میں نظر آنے والا شیر اگرچہ عجوبہ لگتا ہے لیکن دراصل یہ ایک ایسی بیماری کا شکار ہے جس کے نتیجے میں جسم پر کوئی رنگ نہیں رہتا اور وہ سفید دکھائی دیتا ہے۔ جنوبی افریقا کے جنگلات میں پایا جانے والا یہ شیر اگرچہ دوسرے شیروں سے مختلف ہے لیکن اسے بہت خوبصورت قرار دیا جاتا ہے۔

سب سے رنگین کرے فش

دھوکا نہ کھائیے کیونکہ یہ نہ تو کوئی کیکڑا ہے اور نہ ہی جھینگا یا شرمپ، بلکہ یہ ایک قسم کی کرے فش ہے جسے ’’شیراکس پلچر‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا رنگ برنگا خول اسے دیگر سمندری جانوروں کے مقابلے میں منفرد، پرکشش اور خوبصورت بناتا ہے۔ افسوس کہ اب اس مچھلی کی تعداد بہت کم رہ گئی ہے۔

مکڑی نما کیکڑا

اس کی لمبی لمبی ٹانگیں دیکھ کر خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ مکڑی کی طرح دکھائی دینے والا یہ کیکڑا حقیقت میں بہت ہی بے ضرر ہے۔ البتہ اس کی جسامت بہت بڑی ہوتی ہے اور وزن 40 پاؤنڈ تک ہوسکتا ہے۔ اس مکڑی نما کیکڑے کی اگلی ٹانگ 10 فٹ تک لمبی ہوتی ہے اور یہ 100 سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔ کھانے میں اسے نرم جسم والے سمندری جانور ’’مولسک‘‘ بہت پسند ہیں جبکہ یہ جاپانی سمندروں میں پایا جاتا ہے۔

اے اے

ہم کسی کو مخاطب نہیں کر رہے لیکن لیمر کی نسل سے تعلق کرنے والے اس جانور کا نام ہی ’’اے اے‘‘ ہے جو مڈغاسکر میں پایا جاتا ہے۔ اگر آپ کو کارٹون فلم ’’مڈغاسکر‘‘ یاد ہو تو اس میں جولیئن نامی ایک مسخرہ نما جانور بھی دراصل ایک ’’اے اے‘‘ ہے۔ اس کی دُم کی لمبائی 2 فٹ سے کچھ لمبی ہوتی ہے جبکہ اس کا اپنا قد تقریباً ساڑھے تین (3.5) فٹ تک ہوسکتا ہے۔