خبرنامہ

سعودی افواج نے الطوال کے مقابل یمنی باغیوں کا حملہ پسپا کر دیا

صنعاء (ملت + آئی این پی) سعودی افواج نے الطوال کے مقابل یمنی باغیوں کا حملہ پسپا کر دیا جوابی کاروائی میں کمانڈر سمیت 50جنگجو مارے گئے ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق یمنی باغیوں نے سعودی عرب کے صوبے جازان میں سرحدی ضلعے الطوال کے مقابل علاقے میں سعودی فوجی چوکی پر حملے کی کوشش کی تاہم سعودی مشترکہ فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔ اس دوران حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاں کے 50 ارکان مارے گئے جن میں حملے کا کمانڈر بھی شامل ہے۔سعودی افواج اور یمنی باغیوں کے درمیان تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔دوسری جانب یمن کے صوبے تعز میں سرکاری فوج کو نمایاں پیش قدمی حاصل ہوئی ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی سبا نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرکاری فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے تعز شہر کے مغرب میں مقبنہ کے محاذ پر متعدد ٹھکانوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔یہ پیش رفت ہفتے کے روز مذکورہ محاذ پر کئی گھنٹے جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد سامنے آئی۔ جھڑپوں میں باغی ملیشیاں کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہوئے جب کہ عوض البراک نامی ایک حوثی کمانڈر کو قیدی بنا لیا گیا۔ اس دوران یمنی فوج کے دو اہل کار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔