خبرنامہ

سعودی اور بحرینی بحریہ کی مشترکہ جنگی مشقیں جاری

منامہ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) بحرین میں سعودی عرب اور بحرین کی بحریہ کی مشترکہ جنگی مشقیں جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق بحرین کی شیخ سلمان بندرگاہ پران مشقوں کا آغاز ہفتہ کوہوا تھا اور انھیں ’’پل 17‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ان کا مقصد دونوں ملکوں کی بحری افواج کی جنگی صلاحیت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو بڑھانا ہے۔جنگی مشقوں میں شریک ایک کمانڈر کا کہنا ہے کہ ان کا ایک مقصد ہر طرح کے بحری آپریشنز کے لیے تیاریوں اور کمانڈ اور کنٹرول سے متعلق تزویراتی تصورات کی یکجائی کا جائزہ لینا ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں سعودی عرب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز اور بحیرہ اومان میں جنگی مشقیں کی تھیں۔جن میں بحری جہازوں ،لڑاکا طیاروں ،میرینز اور دوسرے بحری فوجیوں نے حصہ لیا تھا۔