خبرنامہ

سعودی حکومت کی ویب سائٹس پر ہیکروں کا خطرناک وائرس سے حملہ

ریاض: (ملت+آئی این پی)سعودی حکومت کی متعدد ویب سائٹس پر ہیکروں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے ۔سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کے محکموں ، اہم اداروں اور شعبہ ٹرانسپورٹ سمیت مختلف تنصیبات کی ویب سائٹس پر ہیکروں نے خطرناک وائرس سے حملہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک ذیلی ادارے نیشنل سائبر سکیورٹی سنٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حملہ بظاہر بیرون ملک سے کیا گیا ہے اور حکومتی اداروں پر متعدد حالیہ سائبر حملوں میں سے ایک ہے۔اس سائبر حملے کے ذریعے سعودی اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز اور سرورز کو نقصان پہنچانے کے لیے ایک خطرناک وائرس چھوڑا گیا تھا۔امریکا کی سکیورٹی فرموں کا کہنا ہے کہ تباہ کن کمپیوٹر وائرس شمعون کو دو ہفتے قبل سعودی عرب میں کمپیوٹرز پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ اسی وائرس کے ذریعے چار سال قبل مشرق وسطی میں توانائی کمپنیوں کے ہزاروں کمپیوٹرز کو ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔