خبرنامہ

سعودی شاہ کا لبنانی صدر سے تبادلہ خیال

ریاض: (ملت+اے پی پی) لبنان کے صدر جنرل میشال عون نے الریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ،انھیں مزید فروغ دینے کے طریقوں ،عرب دنیا اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ میشال عون نے لبنان کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں ایک روز توازن آئے گا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ لبنان نے ہزاروں شامی مہاجرین کا بوجھ اٹھا رکھا ہے اور مختصر مدت میں آبادی میں اضافے کی وجہ سے ملک پر معاشی بوجھ بھی بڑھ گیا ہے۔انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پڑوسی ملک شام میں جاری بحران کا پرامن سیاسی طریقے سے حل تلاش کر لیا جائے گا ۔