خبرنامہ

سعودی عرب،خصوصی پیکج پر معتمرین کیلئے تمام سعودی شہروں کے دروازے کھول دیئے گئے

مکہ مکرمہ۔04 اکتوبر(اے پی پی)سعودی عرب کے متعلقہ حکام نے دنیا بھر سے آنے والے معتمرین کا بڑے پیمانے پر استقبال شروع کر دیا۔ پہلی بار عمرہ پر آنے والے زائرین مکہ ، مدینہ اور جدہ شہروں سے باہر بھی جانے کے مجاز ہوں گے۔ بشرطیکہ انہوں نے خصوصی پیکج حاصل کر لیا ہو۔ نائب وزیرحج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے الیوم اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امسال عمرہ موسم یکم محرم سے شروع کردیا گیا۔ اس کا سلسلہ شوال کے اختتام تک جاری رہے گا۔ سیاحتی پیکج حاصل کرنے والے معتمرین مکہ ، مدینہ سے باہر واقع مملکت کے تاریخی ، ثقافتی اور سیاحتی مقامات وغیرہ دیکھنے کیلئے سفر کے مجاز ہوں گے۔ 10ماہ تک عمرہ ویزے جاری ہوتے رہیں گے۔ دنیا کے کسی بھی ملک سے کتنی بھی تعداد میں مسلمان عمرے پر آسکتے ہیں۔ بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ معتمرین کو سعودی شہروں کی سیر کیلئے بسوں کا انتظام کرے گی۔ دریں اثناء سیکرٹری عمرہ عبدالعزیز وزان نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ شوال تک 85لاکھ سے زیادہ معتمرین کی آمد کا امکان ہے۔