خبرنامہ

سعودی عرب، قومیانے کے پروگرام کے تحت 15 سال میں 10 لاکھ ملازمتیں

ریاض: (ملت+اے پی پی) سعودی عرب کے قومیانے کے مجوزہ پروگرام کے تحت آئندہ 15 سال میں سعودی شہریوں کے لیے 10 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی شوریٰ کونسل کے رکن عبدالرحمان الراشد نے کہا ہے کہ ملازمتوں کو قومیانے کے مجوزہ پروگرام کے تحت ایک اعلیٰ کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔اس کا مقصد ایسی ہْنرمند اور تعلیم یافتہ سعودی افرادی قوت کو تیار کرنا ہوگا جو پیداوار کے لیے پہیے کا کام دے سکے اور اس سے غیرملکی درآمدات میں کمی آئے اور قومی پیداوار میں اضافہ ہو۔انھوں نے کہا کہ مقامی پیداوار سے سعودی مارکیٹ میں مسابقت میں اضافہ ہوگا اور قومی معیشت مضبوط ہوگی۔ملک کے تیل کی آمدن پر انحصار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملازمتوں کو قومیانے کے پروگرام سے نجی شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔خاص طور پر صنعتی شعبے پر فرق پڑے گا اور نجی اور سرکاری شعبوں میں تعلق مضبوط ہوگا۔عبدالرحمان الراشد نے مزید کہا کہ سرکاری منصوبوں کی تکمیل پر ہر سال اربوں ریال صرف کیے جاتے ہیں۔ اگر مینوفیکچرنگ کے شعبے کو قومیا لیا جاتا ہے تو اس رقم کو بچا کر معاشرے کے لیے زیادہ مفید منصوبوں پر خرچ کیا جاسکتا ہے۔