خبرنامہ

سعودی عرب، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ،شہری پر80 ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد

ریاض (ملت + آئی این پی) سعودی عرب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرشہری پر80 ہزار ڈالرز کا بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ایک شہری نے ضرورت سے زیادہ چالاک بننے کی کوشش کی ہے۔وہ اپنی سابقہ بیوی کی ملکیتی گاڑی کو بے ہودہ اور بے ہنگم طریقے سے چلاتا رہا ہے اور اس پر ٹریفک پولیس کے حکام نے 80 ہزار ڈالرز کا بھاری جرمانہ عاید کردیا ہے۔اس خاوند نے بیوی سے طلاق کا انتقام لینے کے لیے یہ سب کارروائی کی تھی لیکن اس کو ہی الٹی پڑ گئی۔اس شخص نے جدہ شہر میں ٹریفک کی جان بوجھ کر 375 خلاف ورزیاں کی تھیں۔کار کی مالکن اس کی سابقہ بیوی تھی۔اس لیے اسی سے جرمانہ ادا کرنے کا تقاضا کیا گیا۔لیکن جب اس خاتون کو اس معاملے کا پتا چلا اور اس نے حکام کو اصل صورت حال سے آگاہ کیا اور معاملے کی وضاحت کی تو انھوں نے جرمانے کی تمام رقم اس خاتون کے سابقہ خاوند کے نام منتقل کردی ہے۔