ریاض ۔ (ملت+اے پی پی) سعودی عرب کے 120 مکی رضاکار مشاعر مقدسہ کے امانت خانوں میں سامان کی حفاظت کرینگے۔ 1439ھ کے حج کے دوران ضیوف الرحمن کو سامان کے حوالے سے لاحق ہونے والی پریشانی کے ازالے کے جذبے سے یہ کام انجام دیا جائیگا۔ اس منصوبے کے نگران اعلیٰ سلمان جان نے سعودی خبررساں ادارے واس کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزدلفہ میں کنگ فیصل راہداری سے منیٰ میں پیدل حج کرنے والوں کے راستے تک 7 امانت خانے عازمین حج کا سامان محفوظ کرنے کے لئے مہیا ہوں گے۔ مسلم نوجوانوں کی عالمی تنظیم وامی نے محکمہ امن عامہ اور مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے تعاون سے مشاعر مقدسہ میں امانت خانے چلانے کا بندوبست کیا ہے۔ پروگرام کے ڈائریکٹر محمد بن لسود نے کہا ہے کہ یہ رضاکارانہ کام بیحد اہم ہے اس سے جمرات کی رمی کے وقت حاجی حضرات کو اس سے بیحد آرام ملے گا اور مختلف مقامات پر ڈیرے ڈالنے کا سلسلہ بھی ختم ہوگا۔ حاجی سہولت اور آسانی سے حج کے کام انجام دے سکیں گے۔