خبرنامہ

سعودی عرب ،وزارت حج نے مشاعر مقدسہ میں حجاج کیلئے کھانے کا نظام جاری کردیا

مکہ مکرمہ۔ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کیلئے کھانے کا نظام جاری کردیا۔سعودی اخبار کے مطابق یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ عازمین حج کے ابتدائی قافلے پہنچنے شروع ہوگئے۔ وزارت حج و عمرہ حجاج کرام کو پیش کئے جانے والے کھانوں اور انہیں تیار کرنے و الی کمپنیوں کی نگرانی کرے گی۔ حجاج کیلئے کھانے کے انتظامات کے حوالے سے 8 بڑے چیلنج مدنظر رکھے گئے۔ اس سلسلے کی سب سے اہم مشکل یہ تھی کہ موجودہ حالات میں کھانوں کا ٹھیکہ لینے والی کمپنی کو منافع کی شرح بہت کم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کیونکہ بہت سارے لوگ حجاج کرام کو مشاعر مقدسہ میں کھانے پیش کرنے سے متعلق پروگرام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ وزارت حج یہ بھی چاہتی ہے کہ مشاعر مقدسہ میں جدید طرز کے باورچی خانے قائم کرنے کیلئے متعلقہ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔ وزارت کی یہ بھی کوشش ہے کہ جس ملک کے لوگ جس طرح کے کھانے پسند کرتے ہوں، ویسے ہی کھانے یکساں شکل میں انہیں مہیا کئے جائیں۔