خبرنامہ

سعودی عرب ، غیرملکی موذن اورامام رکھنے والوں کو سزائیں دینے کا فیصلہ

ریاض:(ملت+اے پی پی) سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ مملکت کی مساجد میں غیر ملکی موذن اور امام رکھنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی،کسی بھی مسجد میں سعودی امام و موذن اپنی نیابت کے لئے غیر ملکی کی خدمات حاصل کرنے کا مجاز نہیں۔ جو لوگ ایسا کررہے ہیں وہ مقررہ ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں،انہیں بہت جلد بیدخل کردیا جائے گا اور مساجد میں بحیثیت امام و موذن کے کام کرنے سے روک دیا جائے گا۔ وزارت اسلامی امور کے ڈائریکٹر جنرل شیخ عبداللہ الناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ غیر ملکی موذن و امام رکھنے پر عائد کی جانے والی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ یہ مملکت کے ہر علاقے کی مساجد کے دورے کرکے اس امر کا پتہ لگائیں گی کہ سعودی امام و موذن کی جگہ کوئی غیر ملکی امام و موذن تو کام نہیں کررہا ہے۔