خبرنامہ

سعودی عرب اور انڈونیشیا کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 11 سمجھوتوں پر دستخط

جکارتہ (ملت + آئی این پی) سعودی عرب اور انڈونیشیا کے درمیان شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورے کے موقع پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق 11 سمجھوتے طے پاگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور انڈونیشی صدر جوکو وِدودو بھی جکارتہ کے نواح میں بوگور شہر میں دوطرفہ سمجھوتوں پر دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے۔ان میں سے ایک سمجھوتے کے تحت سعودی عرب انڈونیشیا کو اقتصادی ترقی اور انسانی اسمگلنگ ،دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ ایسے کثیر قومی جرائم پر قابو پانے کے لیے ایک ارب ڈالرز کی امداد دے گا۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ،ہوا بازی ،سائنس ،صحت کے شعبوں اور دہشت گرد سمیت مختلف جرائم سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سمجھوتے طے پائے ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری توانائی کمپنی آرامکو اور انڈونیشیا کی توانائی کمپنی پرتامینا کے درمیان چھے ارب ڈالرز کا سمجھوتا طے پایا ہے۔اس کے تحت انڈونیشیا کے تیل صاف کرنے کے ایک کارخانے میں توسیع کی جائے گی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھائی جائے گی۔انڈونیشی صدر جوکو وِدودو نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بات چیت میں ان کے دورے کو تاریخی قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔انھوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے ملک کی حیثیت سے انڈونیشیا کے سعودی عرب کے ساتھ ہمیشہ خصوصی تعلقات استوار رہیں گے۔