خبرنامہ

سعودی عرب: خاتون کی معذورشوہر سے لازوال محبت

سعودی عرب: خاتون کی معذورشوہر سے لازوال محبت

ریاض:(ملت آن لائن) سعودی عرب میں ایک معذور شخص کے ساتھ اس کی اہلیہ کے 25 سال پر محیط وفا محبت کے واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں ایک مریض شخص بستر پر لیٹا ہوا ہے اس کے پہلو میں اس کی بیوی غم اور صدمے سے نڈھال بیٹھی ہوئی ہے۔ معذور شخص کے بیٹے ھتان جمال العسلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تصویر میں دکھائی دینے والے ان کے والد اور والدہ ہیں، والد پچیس سال سے علالت کے باعث بستر پر ہیں اور ان کی والدہ اپنے شوہر کی دیکھ بھال کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ ھتان جمال العسلی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جو تصویر وائرل ہوئی ہے وہ دس سال پرانی ہے، میں یہ تسلیم کرتا ہوں کہ میری ماں نے والد کی تیمارداری کا طویل عرصہ پوری وفاداری، محبت اور خلوص کے ساتھ گزارا ہے۔
ھتان جمال العسلی آثار قدیمہ اور سیاحت اسپورٹس کے فروغ کے لیے کام کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں، میری ماں سب بہن بھائیوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں مگر انہوں نے ہمارے معذور والد کی دیکھ بھال میں پچیس سال کے دوران ایک بار بھی ناغہ نہیں کیا۔ العسلی کا کہنا تھا کہ میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں معلومات شیئر کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا البتہ ماں کے عالمی دن کے موقع پر میں نے دس سال پرانی ایک تصویر ٹویٹر پر پوسٹ کی جس پر لوگوں نے غیر معمولی ہمدردی کا اظہار کیا۔ جمال العسلی نے اپنی ماں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری والدہ نے نیم مردہ والد کی دیکھ بھال کا انتہائی مشکل سفر طے کیا ہے، والد حرکت کرنے اور بات چیت کرنے سے بھی قاصر ہیں، وہ ہوانی نالی کے ذریعے سانس لیتے ہیں اور انہیں نالی کے ذریعے ہی خوراک دی جاتی ہے۔