خبرنامہ

سعودی عرب میں شاہی خاندان کے فرد کا قتل کے جرم میں سرقلم کردیا گیا

ریاض(ملت + آئی این پی) سعودی عرب میں شاہی خاندان کے ایک فرد کا قتل کے جرم میں سرقلم کردیا گیا۔سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں شہزادہ ترکی بن سعود الکبیر کا سرقلم کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔سعودی پریس ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘کی جانب سے جاری کردہ اس بیان کے مطابق شہزادہ تری بن سعود بن تری بن سعود البیرنے دارالحکومت الریاض کے نواح میں واقعے علاقے الثمامہ میں ایک گروہی لڑائی جھگڑے کے دوران سعودی شہری عادل بن سلیمان بن عبدالکریم المحیمید کو قتل کردیا تھا۔حکام نے اس شہزادے کو گرفتار کر لیا تھا اور واقعے کی تفتیش کے بعد اس کے خلاف نوجوان کے قتل کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔سعودی عرب کی ایک عمومی عدالت نے تین سال قبل شہزادہ ترکی کو قتل کے جرم میں قصوروار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔اپیل عدالت اور عدالت عظمی دونوں نے اس سزا کو برقرار رکھا تھا ۔اس کے بعد ایک شاہی حکم نامہ اس سزا پر عمل درآمد کے لیے جاری کیا گیا تھا کیونکہ مقتول کے خاندان نے خون بہا لینے سے انکار کردیا تھا اور قصاص کا مطالبہ کیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ شاہ سلمان کی سکیورٹی ،انصاف اور اللہ کے احکام کے نفاذ میں گہری دلچسپی کی تصدیق کرتی ہے۔اس نے خبردار کیا ہے کہ جو کوئی بھی بے گناہ لوگوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرے گا اور ان کا خون بہائے گا تو وہ قانونی سزا سے نہیں بچ سکے گا۔