خبرنامہ

سعودی عرب کی ترک صدر کو دستوری ریفرینڈم میں کامیابی پر مبارک باد

ریاض (ملت آن لائن + آئی این پی) سعودی عرب نے ترک صدر کو دستوری ریفرینڈم میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے ۔سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی کابینہ نے اپنے ہفتہ وار اجلاس میں ترکی میں ریفرینڈم کے کامیابی سے انعقاد کو سراہا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس سے ملک میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ترکی میں منعقدہ دستوری ریفرینڈم کے نتائج کے مطابق ہاں کے حق میں 51 فیصد سے زیادہ ووٹ آئے ہیں جبکہ ناں کے حق میں 49 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔ اس طرح صدر رجب طیب اردگان بمشکل ہی ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کے لیے اپنی مجوزہ آئینی ترامیم کو عوامی ووٹوں سے منظور کراسکے ہیں۔بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ ریفرینڈم کے لیے مہم غیر متوازن انداز میں چلائی گئی تھی اور ہاں کا پلڑا بھاری رکھنے کی کوشش کی گئی تھی جبکہ صدر اردگان کے مخالفین نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ آئینی ترامیم کی منظوری کے بعد ملک میں مطلق العنان شخصی حکمرانی کا راج ہوجائے گا۔