خبرنامہ

سعودی علما کونسل نے مصر میں بم دھماکوں کی مذمت کردی

ریاض (ملت آن لائن + آئی این پی) سعودی عرب کے اعلی مذہبی ادارے سینئر علما کونسل نے مصر کے دو شہروں میں قبطی عیسائیوں کے گرجا گھروں میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بم حملے ایک مجرمانہ کارروائی ہیں اور اسلامی اجماع میں ان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے سینئر علما کونسل نے طنطا اور اسکندریہ میں دو گرجا گھروں میں بم دھماکوں کے بعد ٹویٹر پر ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں کہا ہے کہ یہ بم دھماکے اسلام کی متعدد تعلیمات کے منافی ہیں۔یہ بغاوت ،گناہ اور جارحیت کے زمرے میں آتے ہیں۔ ان دونوں بم دھماکوں میں 44 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ان بم حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے: اللہ اور روزِ قیامت پر ایمان رکھنے والے ہر مسلمان کا ان بم حملوں سے کوئی تعلق نہیں ہے،سوائے ان کے جنھوں نے اپنے عقیدے اور نظریے سے انحراف کرتے ہوئے اس گناہ کا ارتکاب کیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے سینئر (کبار) علما کی کونسل مملکت کا سب سے اعلی مذہبی ادارہ ہے اور یہی کونسل شاہ کو مذہبی امور سے متعلق مشورے دیتی ہے۔