ریاض ۔(ملت آن لائن) سعودی دار الحکومت ریاض میں فوجداری کی خصوصی عدالت نے 2سعودی شہریوں پر فرد جرم عائد کر دی۔ پبلک پراسیکیوشن نے ان پر متعدد الزامات عائد کئے تھے۔ فرد جرم ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق ادارے کے نمائندوں کی موجودگی میں عائد کی گئی۔ آئندہ اجلاس میں انہیں فرد جرم پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ ملزم اول پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیم الاخوان کی تائید و حمایت کے جرم کا مرتکب ہوا ہے۔ وہ شورش زدہ مقامات لوگوں کو بھیجنے اور وہاں جنگ میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دیتا رہا ہے۔ اس نے مختلف ممالک کے قائدین کو بدنام کرنے کی بھی کوشش کی۔اس پر ایک الزام یہ ہے کہ وہ بدامنی کے مقدمات میں زیر حراست افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور ان کی رہائی کی تحریک بھی چلاتا رہا ہے۔ اس نے انٹرنیٹ کے ذریعے ریاستی نظام کو نقصان پہنچانے والا مواد تیار بھی کیا اور اسے ادھر ادھر بھیجنے کا چکر بھی چلایا۔ ٹویٹر پر الاخوان کی تائید و حمایت او رشورش زدہ مقامات جا کر جنگ میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دیتا رہا ہے۔ دوسرے ملزم پر دہشت گرد تنظیم میں شمولیت، زیر حراست افراد کے ساتھ ہمدردی کے اظہار،سعودی معاشرے کو متزلزل کرنے ، مظاہروں میں حصہ لینے ، ایشیائی ریاست کا سفر کر کے شامی پناہ گزینوں کے خیموں میں قابل اعتراض لیکچر دینے ، موبائل کے خفیہ نمبر نہ بتانے، حکام وقت سے بغاوت اور مشین گن بلا لائسنس رکھنے جیسے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ پبلک پراسیکیوٹر نے دونوں کو انتہائی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔