ریاض ۔(ملت+اے پی پی) سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے جعل سازی کی اطلاع دینے والے سعودی شہری کو 75ہزار ریال کا انعام دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی شہری نے اطلاع دی تھی کہ کاروں کے ایک ڈیلر نے انسداد تجارتی جعلسازی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس پر معاملہ فوجداری کی عدالت بھیج دیا گیا تھا۔ عدالت نے الزام ثابت ہو جانے پر کاروں کے ڈیلر کو مجرم قرار دے کر اس پر 3لاکھ ریال کا جرمانہ کر دیا۔ ڈیلر نے نئی گاڑی ظاہر کر کے ایک پرانی گاڑ ی فروخت کر دی تھی۔ گاہک کو لاعلم رکھا تھا۔ مقامی شہری نے حقیقت معلوم ہو جانے پر شکایت درج کرا دی تھی۔ سعودی قانون انسداد جعلسازی کی دفعہ 11میں واضح کیا گیا ہے کہ جو شخص بھی تجارتی جعلسازی کی درست رپورٹ کرے گا اسے عدالتی فیصلے کے بعد جرمانے کی 25فیصد رقم دی جائیگی۔ اب جبکہ ابھا کی عدالت نے کاروں کے ڈیلر پر 3لاکھ ریال کا جرمانہ کر دیا ہے تو اسے 25فیصد رقم جو 75ہزار ریال بنتی ہے رپورٹ کرنے والے کو دیدی گئی۔ وزارت تجارت نے شوال کے مہینے میں ایک اور شہری کو اسی طرح کی رپورٹ اور پھر عدالتی فیصلے کے بعد 25ہزارریال کا انعام دیا تھا کیونکہ کمپنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ کیا گیا تھا۔ وزارت نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ 1900یا “بلاغ تجاری “اپلیکیشن یا وزارت کی ویب سائٹ پر جعلسازی سے مطلع کر کے 25فیصد رقم انعام کی صورت میں وصول کریں۔