خبرنامہ

سعودی ولی عہد 50 بااثر ترین عالمی شخصیات میں شامل

نیو یارک:(ملت+ اے پی پی) امریکی نیوز ایجنسی ’بلومبرگ‘ کی جانب سے دنیا کی 50 با اثرترین شخصیات کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی بالخصوص اخبارات کے ایڈیٹروں، صحافیوں، معیشت کے شعبے سے وابستہ شخصیات، تاجروں اور سیاست دانوں کو شامل کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 100 عالمی با اثر شخصیات کی ایک فہرست مرتب کی گئی تھی جن میں چھان پھٹک کے بعد 50 شخصیات کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔ ان میں شہزادہ محمد بن سلمان 42 ویں موثر ترین عالمی شخصیت قرار دیے گئے ہیں۔یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے بعد بے چینی کے دور سے گذرنے والے برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے اس حوالہ سے سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن بھی شامل ہیں کیونکہ دونوں دنیا کی سپر پاور کا صدر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔مشرق میں چین کے صدر کو اس فہرست میں شامل کیا گیا۔ ۔پوری عرب دنیا سے شہزادہ محمد بن سلمان اس فہرست کا حصہ بنے ہیں۔ فہرست میں گیارہ خواتین میں جرمن چانلسر انجیلا میرکل کو بھی جگہ دی گئی ہے۔حسب معمول روس کے صدر ولادی میرپیوٹن کو بھی اپنے ملک کو سیاسی اور اقتصادی استحکام سے ہم کنار کرنے پر پچاس موثر ترین شخصیات میں شامل کیا گیا۔ دیگر موثر شخصیات میں چین اور برطانیہ کے مرکزی بنکوں کے گورنر اور امازون کمپنی سمیت کئی دوسری عالمی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہیں۔