خبرنامہ

سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی شمسی توانائی کا منصوبہ معطل کرنے بارے امریکی اخبار کی رپورٹ کی تردید

ریاض ۔ (ملت آن لائن) سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ایک ذمّہ دار ذرائع نے کہا ہے کہ ملک کے شمسی توانائی کے منصوبے سے متعلق امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ درست نہیں ہے۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے سوفٹ بینک گروپ کے زیر انتظام 200 ارب ڈالر کے شمسی توانائی کے منصوبے پر کام معطل کیا جا رہا ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی نے فنڈ کے حوالے سے بتایا کہ ان منصوبوں کا باقاعدہ اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔حال ہی میں جاری ہونے والی رپورٹس میں شامل پروپیگنڈے کے جواب میں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے واضح کیا ہے کہ شمسی توانائی کے میدان میں سوفٹ بینک گروپ اور دیگر اداروں کے ساتھ اربوں ڈالر کے وسیع اور بڑے منصوبوں پر اب بھی کام جاری ہے۔ ان کوششوں کے ساتھ مملکت سعودی عرب قابل تجدید توانائی کے شعبے میں اپنی جامع حکمت عملی پر عمل درامد میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اس حوالے سے ویژن 2030 پروگرام میں شامل منصوبہ بندی کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ توانائی ، صنعت اور معدنی دولت کی سعودی وزارت مملکت میں متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے توانائی کے شعبے میں جامع تبدیلی لانے کے لیے کوشاں ہے۔