خبرنامہ

سعودی کوششوں سے سوڈان پر امریکی پابندیاں جزوی طور پر ختم

واشنگٹن: (ملت+آئی این پی)سعودی عرب کی کوششوں سے امریکا نے سوڈان پر عائد بعض اقتصادی پابندیاں ہٹانے کا اعلان کردیا ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر براک اوباما نے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے سوڈان سے بعض اقتصادی پابندیاں ہٹالی ہیں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پابندی ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سوڈان کے تعاون کے باعث پابندیاں ہٹائی گئیں۔غیر ملکی ایجنسی کے مطابق اوباما نے سعودی عرب کے کہنے پر سوڈان سے پابندیاں ہٹائیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سوڈان کے صدر کو ٹیلیفون کرکے امریکی پابندیاں ختم ہونے پر مبارک باد دی سوڈان کے صدر عمر البشیر نے بھی سعودی فرمانرواں کو ٹیلیفون کرکے امریکی پابندیاں ختم کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق معاشی پابندیاں اٹھائے جانے کے فیصلے کا اطلاق نہ تو سوڈان کے صدر عمر البشیر پر عائد جنگی جرائم کے مقدمات پر ہو گا اور نہ ہی سوڈان سے دہشت گردی کے ریاستی معاون کا لیبل ہٹایا جائے گا۔واضح رہے کہ امریکہ نے سنہ 1997 میں سوڈان کے خلاف پابندیاں عائد کی تھیں، جس میں انسانی حقوق اور دہشت گردی کے حوالے سے تشویش کی بنا پر تجارت پر پابندی لگائی گئی اور حکومت کے اثاثہ جات کو منجمد کیا گیا تھا امریکہ نے 2006 میں مزید پابندیاں اس وقت لگائیں جب دارفر میں تشدد کی کارروائیوں میں سوڈان کی ملی بھگت سامنے آئی۔