خبرنامہ

سوئس جوڑا اولمپکس مقابلوں میں بیٹے کو دیکھنے سائیکل پر جنوبی کوریا پہنچ گیا

سوئس جوڑا اولمپکس

سوئس جوڑا اولمپکس مقابلوں میں بیٹے کو دیکھنے سائیکل پر جنوبی کوریا پہنچ گیا

پیانگ چنگ:(ملت آن لائن) سوئس جوڑا سرمائی اولمپکس میں بیٹے کا مقابلہ دیکھنے کے لیے سائیکل پر 17 ہزار کلو میٹر کا سفر طے کر کے جنوبی کوریا پہنچ گیا۔ سرمائی اولمپکس میں حصہ لینے والے فری سوئس فری اسٹائل اسکائرز مسشا گیسر کے والدین نے سوئزرلینڈ سے جنوبی کوریا کے شہر پیانگ چینگ تک 17 ہزار کلو میٹر کا سفر سائیکل پر طے کیا جو پورے ایک برس میں مکمل ہوا۔ ان کے والدین کی عمر 50 برس سے زائد ہے اور دونوں کا خواب تھا کہ وہ سائیکل پر پوری دنیا دیکھیں اور اولمپکس میں اپنے بیٹے کے مقابلے دیکھیں۔ پیانگ چینگ پہنچنے کے لیے سوئس جوڑے نے 20 ممالک کو عبور کیا اس دوران انہیں کافی دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سوئس اسکائرز کے والدین کا کہنا تھا کہ سفر کے دوران سب سے زیادہ مشکلات پامر ہائی وے پر پیش آئی جس کی اونچائی 4 ہزار میٹر بلند تھی، اس دوران انہوں نے وہاں ٹینٹ لگا کر قیام کیا جب کہ اس وقت درجہ حرارت منفی تھا۔ مسشا گیسر کی 57 سالہ والدہ ریتا رتیمن نے بتایا کہ جب وہ چین کی سرحد پر پہنچے تو ان کے خاوند کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی کیونکہ ان کا ہلیا کافی بگڑ چکا تھا۔ سوئس اسکائرز کے والد ہولر کا کہنا تھا کہ مجھے اس ایڈونچر سے بے حد مزہ آیا اور جب میرا بیٹا مجھ سے ملنے کے لیے انتظار کر رہا تھا تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔