سیٹی بجانے والا کیٹرپلر دریافت
اوٹاوہ:(ملت آن لائن) سنڈیاں اورکیٹرپلر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کوئی شور نہیں مچاتے اور خاموش رہتے ہیں لیکن ماہرین نے حال ہی میں ایک ایسا کیٹرپلر(سنڈی) دریافت کیا ہے جو چائے کی ابلتی کیتلی کی طرح سیٹی خارج کرتا ہے لیکن اس کی آواز بہت ہلکی ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ہوک موتھ اوراسفنکس موتھ جسے بڑے پروانے کے کیڑے کٹ کٹ اورٹک ٹک کی آواز اس وقت خارج کرتے ہیں جب کوئی دوسرا بھوکا کیڑا ان پر حملہ کرتا ہے تاہم اب سرخ رنگ کا نیسیئس اسفنکس ہاک موتھ کیٹرپلر ہلکی سی آواز پیدا کرتا ہے جو ہوائی جہاز کے ٹیک آف یا چائے کی ابلتی کیتلی جیسی ہوتی ہے۔
کینیڈا میں کارلٹن یونیورسٹی کی حیاتیات داں ڈاکٹر جین یاک اور ان کے ساتھیوں نے اس پروانے کے انڈوں کو تجربہ گاہ میں رکھا اور ان سے کیٹر پلر برآمد کرائے گئے۔ بڑی سنڈیوں یعنی کیٹرپلر کو تجربہ گاہ میں رکھا گیا اور ان پر چھوٹی چمٹیوں سے ہلکا سا حملہ کیا گیا جو کسی شکاری کیڑے یا پرندے کے حملے کی طرح تھا ۔ جیسے ہی ماہرین نے باریک چمٹوں سے سنڈیوں کو چھوا تو انہوں نے ہلکی آواز خارج کی۔ یہ آواز انتہائی حساس مائیکروفون کی مدد سے ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین نے سنڈیوں کی جانب سے سیٹی خارج کرنے کی تو تصدیق کی لیکن اس کی وجہ جاننے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ اتنے چھوٹے کیڑے کے اندر جھانک کر دیکھنا ناممکن ہے۔ جین یاک اور ان کے ساتھیوں نے نوٹ کیا کہ سنڈی کی آواز اس کے منہ سے آرہی ہے ناکہ چبانے والے غدود سے خارج ہوتی ہے۔ تاہم اس چھوٹے سے کیڑے کو اندر سے دیکھنا ایک محال ہے لیکن یہ ضرور ثابت ہوچکا ہے کہ کیٹرپلر خطرے کے وقت سیٹی نما آوازیں خارج کررہا ہے۔ دوسری جانب ایک اور ماہر میلینی اسکالین نے کیڑے کا حلق چیر کر بھی دیکھ لیا لیکن اس کی آواز کا معمہ حل نہ ہوا۔ اس کے بعد کلارک سن یونیورسٹی کے انجینیئرکریک میرٹ نے کیڑوں کی آوازوں کو بغور سنا اور ان کی وجوہ جاننے کے لیے کئی ماڈل بنائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کیڑا ہوا کے بہاؤ کے تحت آواز خارج کرتا ہے جو اس کے پیٹ کے دو اہم حصوں سے گزرکر سیٹی کے انداز میں سنائی دیتی ہے۔ عین اسی طرح کیتلی سے بھاپ خارج ہوتے وقت تیز آواز کی صورت میں ڈھل جاتی ہے۔ درجن سے زائد ماہرین اس ننھے سے کیڑے کی صلاحیت پر مزید تحقیق کررہے ہیں۔