خبرنامہ

شام،زہریلی گیس کے حملے میں 2 افراد ہلاک، 30 متاثر

دمشق (ملت + آئی این پی) شام میں زہریلی گیس کے حملے میں 2افراد ہلاک اور 30متاثر ہوئے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق شام کے ضلع حاما کے علاقے لاطامنہ میں بشار الاسد انتظامیہ کے فوجی ہیلی کاپٹر کی طرف سے صحت کے مرکز پر کلور گیس والے بیرل بم حملے میں 2 افراد ہلاک اور 30 کلور گیس سے متاثر ہوئے ہیں۔صحت کے مرکز کے حکام سے موصول معلومات کے مطابق اسد انتظامیہ کے ایک فوجی ہیلی کاپٹر نے ضلع حاما کے شمال میں مخالفین کے زیر کنٹرول علاقے لاطامنہ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں صحت کے مرکز میں موجود ڈاکٹر علی درویش اور ان کا مریض کلور گیس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ گیس کے ماحول میں پھیلنے کے نتیجے میں 30 افراد متاثر ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق متاثرین کو مذکورہ علاقے کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور حملے کی زد میں آنے والا صحت کا مرکز خدمات دینے کے قابل نہیں رہا۔