خبرنامہ

شام؛ داعش کے ساتھ لڑائی میں 14ترک فوجی ہلاک

انقرہ /دمشق: (ملت+آئی این پی)شام میں داعش کے ساتھ لڑائی کے دوران 14ترک فوجی ہلاک اور 33زخمی ہوگئے جبکہ ترک فوج نے داعش کے 138 جنگجو ؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک فو جی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شام میں دولتِ اسلامیہ سے لڑتے ہوئے ترکی کے 14 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔یہ ہلاکتیں الباب کے قصبے میں ہوئیں، جسے ترک فوج دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے چھڑانے میں بشارالاسد مخالف باغیوں کی مدد کر رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق ان جھڑپوں میں 33 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔شامی آپریشن کے آغاز سے کسی ایک دن میں ترک فوجیوں کی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ ترکی نے شام میں اپنا فوجی آپریشن اس سال اگست میں شروع کیا تھا۔ترکی کی فوج کا کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ نے متعدد خودکش بمباروں کا استعمال کیا۔ ان کا دعوی ہے کہ انھوں نے دولتِ اسلامیہ کے 138 جنگجو بھی مارے ہیں تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ادھر شام میں اہم محاذ حلب مکمل طور پر حکومتی فوج کے کنٹرول میں آنے کے قریب معلوم ہوتا ہے۔الباب کا قصبہ شام اور ترکی کی سرحد سے تقریبا 20 کلومیٹر دور ہے اور ترک آپریشن کی توجہ اسی مقام پر مرکوز رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ترک فوج نے دولتِ اسلامیہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور وہ الباب سے دولتِ اسلامیہ کو نکالنے میں کامیابی کے قریب ہیں۔